لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے انتظامیہ کے ٹرینوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے دعوے ہوا ہوگئے، ٹرینوں میں سہولیات کا فقدان مسافروں کے لیے اذیت کا سامان بن گیا۔
لاہور سے کراچی جانے والی پاک بزنس ایکسپریس کی اے سی سٹینڈرڈ کی دو کوچز کے اے سی خراب ہو گئے جس کے باعث مسافر شدید گرمی میں خوار ہو کر رہ گئے۔
ٹرین کی پاور وین میاں چنوں کے قریب خراب ہونے پرٹرین ویرانے میں روک دی گئی، مسافروں کا کہنا ہے کہ دونوں اے سی سٹینڈرڈ کوچز میں ایئر کنڈیشنر نہیں چل رہے، 6500 روپے کی ٹکٹ خریدی اس کے باوجود شدید گرمی میں سفر کرنا پڑ رہا ہے۔
مسافروں نے مزید بتایا کہ واش رومز میں پانی ہے نہ ہی کوئی اور انتظام، خواتین اور بچوں کا برا حال ہے، کھڑکیاں بند ہیں، اے سی نہ چلنے کے باعث دم گھٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کا عملہ بات سننے کو تیار نہیں، کہتے ہیں حکام کو بتایا تھا کہ کوچز ٹھیک نہیں، ریلوے سٹیشن سے زبردستی یہی کوچز لگا کر بھجوایا گیا ہے، مسافروں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔