لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ریلویز نے جدت کی طرف ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے لاہور ریلوے سٹیشن پر عوام کیلئے بڑی سہولت کا آغاز کر دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور ریلوے سٹیشن پر ایئر کنڈیشنڈ واش رومز پبلک کیلئے کھول دیئے گئے جس کی فیس 50 روپے ہوگی، ایگزیکٹو واش رومز صاف ستھرے اور جدید سہولیات سے آراستہ ہیں جن میں سینیٹائزر اور ہاتھ خشک کرنے والی مشین بھی موجود ہے۔
پاکستان ریلویز کے منصوبے کے مطابق اگلے تین ماہ میں ملک بھر کے مزید 13 سٹیشنوں پر ایگزیکٹو واش رومز کھول دیئے جائیں گے، واش رومز میں سردیوں میں پانی گرم رکھنے کیلئے گیزر لگائے گئے، ان میں سفر سے تھکے مسافر فریش اپ بھی ہو سکیں گے اور شیمپو اور صاف ستھرا تولیہ بھی دستیاب ہوگا۔
واش رومز کی ایک اور خصوصیت یہ بھی ہے کہ ان میں ماؤں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کے ڈائپر تبدیل کرنے کیلئے سٹینڈ بھی رکھا گیا ہے، صفائی ستھرائی کیلئے عملہ ہر وقت موجود ہوگا۔
حکام کے مطابق مرد و خواتین مسافروں کیلئے الگ واش رومز سٹیشن کے دونوں اطراف بنائے گئے ہیں۔