5 آئی پی پیز سے معاہدہ ختم ہونا بڑی کامیابی، مزید 18 پر نظر ثانی ہو رہی ہے: ایس ایم تنویر

Published On 25 October,2024 05:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ 5 آئی پی پیز کا معاہدہ ختم ہونا بڑی کامیابی ہے، اب مزید 18 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی ہونے جارہی ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ 5 آئی پی پیز بند ہونے سے 71 پیسے فی یونٹ کا ہی فرق ہوگا مگر ابھی یہاں پر بس نہیں ہوئی ہے، صرف ستمبر میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی کی کھپت کم ہوچکی ہے حکومت کو فوری طور پر بجلی کی قیمت 20 روپے فی یونٹ کرنے کا اعلان کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کپیسٹی چارجز 9 روپے فی یونٹ بنتے ہیں باقی سب فراڈ ہے، بجلی کی سپلائی اور ڈسکوز کی لاگت 25 سے 26 روپے ہوتی ہے، حکومت اس معاملے پر فوری فیصلہ کرے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ انڈسٹری اس غلطی کو مزید برداشت نہیں کر سکتی، اب ایک اور نیا قانون آگیا ہے، اگر بجلی کا بل آخری تاریخ کے بعد ادا کیا تو لیٹ چارجز دس فیصد بڑھانا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومبر میں شرح سود میں 5 فیصد اور دسمبر میں بھی 5 فیصد کمی کی جائے، حکومت وقت پر فیصلے کرے اگر نہ کیے تو مشکلات بڑھ جائیں گی۔