پنجاب کابینہ نے 'چیف منسٹر روشن گھرانہ ' پروگرام کی منظوری دیدی

Published On 13 August,2024 08:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے " چیف منسٹر روشن گھرانہ" پروگرام کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 13 واں اجلاس ہوا جس میں بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر ہوم سلیوشن فراہم کیا جائے گا، اجلاس میں انڈسٹریز کو براہ راست بجلی کی فراہمی کیلئے پنجاب گرڈ کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

دوران اجلاس بھکھی، بلوکی اورقائداعظم سولر پارک سے ڈائریکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے انڈسٹریل پارک کوسستی بجلی فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔

پنجاب کابینہ نے 8 ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ریونیو سروسز کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم کی منظوری دے دی جبکہ پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی اور راولپنڈی سے مری تک ٹورسٹ گلاس ٹرین کی فزیبلٹی سٹڈی کی بھی منظوری دیدی گئی۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں الیکٹروبسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی، 27 بسیں دسمبر تک آجائیں گی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں "اپنا گھر، اپنی چھت"کے ماڈل گھر کی منظوری بھی دے دی گئی جس کے مطابق شہر میں 5 مرلے اور دیہات میں 10 مرلے تک پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے 15 لاکھ روپے ملیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کم از کم پہلے تین ماہ ماہانہ قسط نہ لینے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ماہ میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے ایک اور بہت بڑا پراجیکٹ لا رہے ہیں، مری گلاس ٹورسٹ ٹرین سیاحت کی ترقی کے لئے محمد نواز شریف کا بہت بڑا ویژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مری کی سیاحتی ترقی کے لئے گلاس ٹرین میرا خواب ہے، مری گلاس ٹرین صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا اپنی طرز کا پہلا منفرد پراجیکٹ ہے، 8 ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو لینڈ رجسٹریشن اور اہم دستاویزات کی سروس فراہم کی جائے گی۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارت، یوکے، یو ایس اے، اٹلی، قطر، بحرین اور سپین میں مقیم پاکستانیوں کو ریونیو سروسز فراہم کی جائیں گی۔