اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے پی) آج اپنے آپریشنز کا آغاز کردے گا۔
اس تاریخی موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز ( PIA503) کی کراچی سے پہلی (اے ٹی آر 42) پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی، پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اس تاریخی موقع پر مسافروں کا استقبال کیا جائے گا، وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمدآصف استقبال کریں گے۔
پہلی پرواز کو لینڈنگ کے بعد ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز (آر ای ایف ایس) کے واٹر باؤزرز کے ذریعے روایتی واٹرکینن سلامی پیش کی جائے گی، تقریب میں معزز شخصیات شرکت کریں گی جن میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان شریک ہوں گے۔
سیکریٹری ایوی ایشن احسن علی منگی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید ستارہ امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار اور ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد (ہلالِ امتیاز ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) بھی شریک ہوں گے۔
وفاقی و صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شرکت کریں گے، تقریب کے اختتام پر ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ اور معائنہ کیا جائے گا۔