اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک سے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور توانائی کے تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی عزم پر زور دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے تبدیلی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے توانائی، انفراسٹرکچر، سماجی شعبوں میں اہم ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسٹریٹجک اقتصادی اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ عالمی بینک جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون ہمارے پائیدار ترقی کے عزائم کو آگے بڑھانے، اقتصادی لچک کو بڑھانے اور کمیونٹیز کی ترقی میں اہم ہے۔
مارٹن ریزر نے خطے میں تبدیلی کے اقدامات کی حمایت کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں پانی کے شعبے میں جاری منصوبوں بشمول داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، تربیلا توسیعی منصوبے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی حکمت عملی، توانائی کی بچت میں اضافہ اور ترقیاتی خلا کو پر کرنے کے لیے تکنیکی جدت طرازی میں سہولت فراہم کرنے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ منصوبہ بندی کے نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کیپیٹل انویسٹمنٹ مینجمنٹ فریم ورک کا استعمال کیا جاسکتا ہے، مارٹن ریزر نے رائے دی کہ یہ باہمی فائدے کے لئے ایک بہترین اقدام ہوسکتا ہے۔