کراچی: (حمزہ گیلانی) پاکستان کے قرضوں کا حجم 71 ہزار ارب سے تجاوز کر گیا، ہر شہری 3 لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہو گیا۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے قرضے ایک سال میں 10 فیصد اور ایک ماہ میں 1.8فیصد بڑھے، پاکستان کا مقامی قرض 42 ہزار 588 ارب روپے سے بڑھ کر 49 ہزار883 ارب روپے ہو گیا، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک مقامی قرضے 17.1 فیصد کے حساب سے بڑھے۔
مرکزی بینک کے مطابق ایک مہینے میں مقامی قرضے 2.7 فیصد بڑھ کر 48 ہزار 585 ارب روپے سے 49 ہزار 883 ارب روپے ہو گئے جبکہ بیرونی قرضے ایک سال کے عرصے میں 3.7 فیصد کمی سے 22 ہزار 601 ارب سے کم ہو کر 21 ہزار764 ارب روپے ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک مہینے میں بیرونی قرضوں کا حجم 0.1 فیصد کمی سے 21 ہزار 764 ارب روپے رہا ، پاکستان نے بیرونی و مقامی قرضوں کے علاوہ 5 ہزار 349 ارب روپے بطور سود ادا کرنے ہیں۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی قرضوں کے حجم میں خطرناک حد کا اضافہ حکومتی اخراجات کی وجہ سے ہے۔