پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

Published On 19 May,2025 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہو گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی بیلاروس کے سفیر اے میٹیلیٹسہ سے اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں صنعتی منصوبوں کی بحالی، ٹیکسٹائل شراکت داری اور افرادی قوت تبادلے پر گفتگو کی گئی، بلوچستان میں بیلاروس کے تعاون سے چلنے والے صنعتی منصوبے کی بحالی پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ نئے منصوبوں کے بجائے موجودہ انفراسٹرکچر کو بروئے کار لانا مؤثر حکمت عملی ہے، وزیر تجارت نے بیلاروس کی زرعی مشینری و ٹریکٹر سازی میں شراکت کی تعریف کی۔

پاکستان-بیلاروس ٹیکسٹائل جوائنٹ وینچر پر پیش رفت کے لیے بیلاروس کی قیادت متوقع، ٹیکسٹائل شعبے میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ساتھ تکنیکی مشاورت زیرِ غور آئی۔

جمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار 5.5 ملین گانٹھ جبکہ طلب 15 ملین گانٹھ سے زائد ہے، کپاس کی فراہمی کے متبادل ذرائع کے طور پر تاجکستان اور قازقستان پر غور کیا گیا۔

وزیر تجارت نے کہا کہ بیلاروس پاکستانی کارکنوں کی تعداد بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، پاکستان کے تقریباً 200 ورکرز بیلاروس میں مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔

بیلاروس کی صنعتی مشینری نے پاکستان میں کوئلہ و سیمنٹ صنعت میں بہترین کارکردگی دکھائی، آن لائن مشترکہ ورکنگ گروپ میٹنگ کے انعقاد کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بیلاروس پاکستان کا قابل اعتماد صنعتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک نے باہمی اقتصادی مواقع کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔