ڈسکوزکی نجکاری پرکام جاری، واٹرسکیورٹی کیلئے سرجوڑ کر بیٹھے ہیں: اویس لغاری

Published On 04 June,2025 11:30 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ڈسکوزکی نجکاری پرکام جاری اور واٹر سکیورٹی کیلئے اس وقت حکومت سرجوڑ کر بیٹھی ہے۔

پروگرام  ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت سےایک ہزارارب سےزائد کی سبسڈی مانگی ہے، بجٹ میں کیا ملتا ہے بجٹ کے موقع پر ہی پتہ چلےگا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر پاورسیکٹر والے 400 ارب روپے کا کم بوجھ حکومت پر لے کر آئیں گے، ڈسکوز کے نقصانات کو کم کیا، اگلے سال مزید 100 ارب روپے کے نقصانات کم کرنے جا رہے ہیں۔

وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ کہ ڈسکوزکی نجکاری پرکام جاری ہے، واٹرسکیورٹی کیلئے اس وقت حکومت سرجوڑکربیٹھی ہے، ہمارے پاس واٹرسکیورٹی کی صلاحیت ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ سولرپینلزپرٹیکس نہیں ہوناچاہیے، سولر پینلز پر ٹیکس لگانے سے متعلق میرے ساتھ مشاورت نہیں کی گئی، اگرکوئی ٹیکس لگایاجاتاہے تو وہ سولر پینل کی قیمتوں کو متاثر کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 7روپے41پیسے کاریلیف برقراررکھاجائےگا، یہ کمی عارضی نہیں، برقرار رہے گی۔