پاکستان کو ابوظہبی کے آف شور تیل منصوبے میں حصہ مل گیا، معاہدہ طے

Published On 12 June,2025 10:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کو ابوظہبی کے آف شور تیل منصوبے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، پاکستان انٹرنیشنل آئل لمیٹڈ (PIOIL) کو ابوظہبی کے آف شور بلاک 5 میں 40 فیصد حصہ مل گیا اور اس حوالے سے معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (PPL) نے اس عالمی معاہدے کی تفصیلات پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ارسال کر دی ہیں، معاہدے کے مطابق پاکستانی کمپنیوں کے کنسورشیم کو پیداواری حقوق حاصل ہو چکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کنسورشیم نے ابوظہبی سپریم کونسل برائے مالیاتی و اقتصادی امور اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کے ساتھ پروڈکشن آف کنسیشن ایگریمنٹ پر دستخط کیے ہیں۔

پاکستان انٹرنیشنل آئل لمیٹڈ میں چار ادارے پی پی ایل، او جی ڈی سی ایل، ماری انرجیز اور گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی شامل ہیں، ہر ادارے کی پاکستان انٹرنیشنل آئل لمیٹڈ میں 25 فیصد شراکت داری ہے۔

معاہدہ ابوظہبی کے آف شور بلاک 5 کی ترقی اور تیل و گیس کی پیداوار کے لیے کیا گیا ہے جس سے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت کو تقویت ملے گی۔