وزیر خزانہ اورنگزیب کی یو اے ای کے بینکوں کے نمائندوں سے ورچوئل ملاقات

Published On 19 May,2025 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب کی یو اے ای کے بینکوں سے ورچوئل ملاقات ہوئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی مالی ترقی میں شراکت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں شارجہ، ابو ظہبی اور عجمان بینک کے نمائندے شریک ہوئے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور دبئی اسلامک بینک کا تعاون قابلِ ستائش ہے، پاکستان اس وقت اصلاحاتی راستے پر گامزن ہے، سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو اور نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی 10.6 فیصد کے قریب ہے، نیا ہدف 11 فیصد مقرر ہے، ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لیے پُرعزم ہیں، آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تمام اہداف مکمل کر لیے ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رزیلینس سسٹین ایبل فنڈ پروگرام سے 1.3 ارب ڈالر کی منظوری ملی ہے، زرعی آمدن پر ٹیکس ملکی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری مارکیٹ کے اعتماد کی دلیل ہے۔