اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی سمیت ایف بی آر اور سٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپے، گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق فیصلہ چینی کی قیمت میں غیرمعمولی اضافے کے بعد کیا گیا ہے، متعلقہ اداروں نے اپنی کارروائیاں تیز کر دیں، آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ایکشن متوقع ہے۔