پاکستان اور ازبکستان کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 18 July,2025 10:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ازبکستان نے توانائی کے شعبے میں تعاون اور ترقی کو فروغ دینے پر اتفاق کر لیا۔

سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی سہولت کاری سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے تاشقند کے کامیاب دورے کے بعد دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی ازبکستان کے سفیر علی شیر توختایف سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تیل و گیس کے شعبے میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ازبک سفیر علی شیر توختایف نے کہا ہے کہ ازبکستان میں پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے مشترکہ ایکسپلوریشن وینچرز اور تکنیکی تربیتی پروگراموں کے اہم مواقع موجود ہیں جبکہ علی پرویز ملک نے توانائی تعاون کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا عندیہ دیا۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مشترکہ تلاش اور تحقیق کے نئے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں جس سے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔