گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں 4.45 فیصد اضافہ

Published On 21 July,2025 11:24 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں 4.45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم فوڈ گروپ کی برآمدات میں 3.44 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فوڈ گروپ (جس میں چاول، پھل، دالیں وغیرہ شامل ہیں) کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال 2024 کے مقابلے میں 25 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی جبکہ اس کے برعکس فوڈ گروپ کی درآمدات میں تقریباً 25 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے 3 ارب 39 کروڑ ڈالر کا پام آئل، 63 کروڑ ڈالر کی چائے اور 22 کروڑ ڈالر کے مصالحے درآمد کیے۔

ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں نمایاں بہتری
گزشتہ مالی سال 2024 کی نسبت ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 7.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی نسبت ایک ارب 13 کروڑ ڈالر زیادہ رہیں تاہم ٹیکسٹائل گروپ کی درآمدات میں بھی 54 فیصد اضافہ ہوا جو 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔

مینوفیکچرنگ گروپ میں ملا جلا رجحان
رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ گروپ میں فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی ہے جبکہ لیدر مصنوعات کی برآمدات میں 4.87 فیصد اضافہ ہوا۔

درآمدات میں واضح اضافہ، صرف پٹرولیم گروپ میں کمی
مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کی درآمدات میں 6.58 فیصد اضافہ ہوا جو 58 ارب 38 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، مشینری گروپ کی درآمدات میں 13.37، ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات میں 32.68، ہیوی وہیکلز (ٹرک، بسیں وغیرہ) کی درآمدات میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم صرف پٹرولیم گروپ کی درآمدات میں 5.76 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔