سندھ میں تیل کے نئے ذخائر دریافت، یومیہ 275 بیرل پیداوار متوقع

Published On 01 August,2025 11:49 am

کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ میں تیل کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جس سے یومیہ 275 بیرل تیل کی پیداوار متوقع ہے۔

صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں تیل کے ذخائر کی دریافت ہوئی ہے، او جی ڈی سی ایل نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو اس بارے خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے، یہ تیل کی 13 ویں کامیاب دریافت ہے جو ٹنڈو الہ یار میں ٹی اے ایل بلاک کے تحت ہوئی۔

کمپنی نے 25 جون سے جدید ڈرلنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے چکرون کنوئیں میں 1926 میٹر گہرائی تک کھدائی کی، جہاں تیل کے ذخائر کا سراغ ملا۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق چکرون کنوئیں میں ای ایس پی (الیکٹریکل سبمرسبل پمپ) ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیسٹنگ کی گئی، کنوئیں سے یومیہ 275 بیرل تیل کا بہاؤ 400 پاؤنڈ فی مربع انچ ہے۔

یہ منصوبہ او جی ڈی سی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی کا مشترکہ منصوبہ ہے، جسے ملکی توانائی کے ذخائر میں اضافے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس دریافت سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مقامی سطح پر توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔