جولائی 2025: تجارتی خسارہ 16 فیصد اضافے سے 2 ارب 75 کروڑ ڈالر

Published On 07 August,2025 10:31 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) پاکستان کا تجارتی خسارہ جولائی 2025 ء میں 16 فیصد اضافے کے ساتھ اڑھائی سال کی بلند ترین سطح 2 ارب 75 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں 2 ارب 84 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ ہوا تھا، 2025ء میں جون کی نسبت جولائی کے دوران تجارتی خسارہ 16 فیصد بڑھا جبکہ گزشتہ مالی سال کے جولائی کی نسبت تجارتی خسارہ 44 فیصد بڑھ گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 5 ارب 44 کروڑ ڈالر کے ساتھ درآمدات گزشتہ تین برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ 8 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ ماہ کے دوران 2 ارب 69 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہو سکیں، برآمدات میں اضافہ کم اور درآمدات میں اضافہ زیادہ ہونے کے باعث تجارتی خسارہ بڑھا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق جون کی نسبت جولائی کے دوران تجارتی خسارہ ایک ماہ میں 85 کروڑ ڈالر بڑھا، رواں مالی سال کیلئے تجارتی خسارے کا تخمینہ 29 ارب 92 کروڑ ڈالر ہے۔

حکومت کی بجٹ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے اڑان پلان کے تحت 5 برسوں میں برآمدات کا ہدف 60 ارب ڈالر رکھا ہے، رواں مالی سال کیلئے برآمدات میں محض اڑھائی ڈالر اضافی ہدف رکھا گیا جبکہ 60 ارب ڈالر تک برآمدات پہنچانے کیلئے سالانہ ساڑھے 5 ارب ڈالر کی برآمدات بڑھانا ہوں گی۔