کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی منظرنامہ ڈیجیٹائز ہو رہا ہے، ورلڈ بینک کی ٹیم نے پاکستان کی مالیاتی امور میں کافی مدد کی ہے۔
گورنر سٹیٹ نے کہا کہ راست جیسے جدید ڈیجیٹلائز ادائیگیوں کے نظام سے کافی بہتری آئی، پاکستان میں 22 کروڑ 50 لاکھ بینک اکاؤنٹس ہولڈرز موجود ہیں، بڑھتی ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں تیزی کی غماز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2017ء میں پرزم کی اصلاحات کی گئیں، 2024ء میں پرزم سے 1 ہزار 43 کھرب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، پرزم کی ٹرانزیکشنز پاکستان کی جی ڈی پی سے 10 گنا زیادہ تھیں۔
جمیل احمد نے یہ بھی بتایا کہ پرزم کے باعث کاروباری برادری کو کافی فوائد ملے اور آسانی ہوئی، یہ سسٹم آئی ایس او 20022 فنانشل میسیجنگ سٹینڈرڈ کے تحت بنایا گیا ہے، پرزم سے پیمنٹ سسٹم کا احتساب بھی ہوتا ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کا پیمنٹ سسٹم عالمی سطح پر مسابقتی ہو چکا ہے، سکیورٹی ہماری ریگولیشن کی ترجیحات میں شامل ہے، پرزم پلس نے محض 14 ماہ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈ بینک گروپ کی تکنیکی معاونت سے پرزم پلس کامیاب ہو پایا، کمرشل بینکوں نے بھی اس پراجیکٹ میں بھرپورمعاونت کی۔