چنیوٹ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ قیصراحمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
پنجاب کے علاقے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ چین میں سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان کی تاریخ کی کامیاب ترین کانفرنس ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں2ارب ڈالرمالیت کےجوائنٹ وینچرزاور7ارب ڈالرکےایم اویوزپردستخط ہوئے، سرمایہ کاری کانفرنس میں300پاکستانی بزنس مینوں اورچین کے500انٹرپرینیورزنےشرکت کی۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ کانفرنس بزنس ٹوبزنس کی بنیادوں پر ہوئی،حکومتِ پاکستان نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔
قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ چینوٹ ، لالیاں ، بھوانہ میں سیلاب سے تقریباً دو لاکھ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، مونجی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے،حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، میں نے ایوان میں اپنی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مختص کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سب سے زیادہ فارن انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے، چائنہ کانفرنس کے لیے 3 ماہ سے وزیر اعظم کی قیادت میں تیاری جاری تھی، ایس ای ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چائنہ کانفرنس کے لیے بھرپور محنت کی۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ احسن اقبال نے بھی کانفرنس کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا،300 پاکستانی بزنس مین اپنے خرچے پر چائنہ کانفرنس میں شریک ہوئے، چائنہ ہمارا گہرا دوست ہے، دوستی سمندر سے گہری اور آسمان سے بلند ہے۔
قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان وسیع تجارتی مواقع موجود ہیں،سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی بھی سرمایہ کاری نہیں کی، سعودی عرب نے امریکہ میں 700 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر چائنہ کے ساتھ کام کریں گے اور فالو اپ بھی لیں گے،چائنہ نے 70 کروڑ غریب افراد کو تعلیم و ٹیکنالوجی دے کر ترقی دی، آئندہ چائنہ کانفرنس کب ہوگی، جلد طے کریں گے، ہمیں سب سے زیادہ ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز وہ شعبہ ہے جس میں دنیا بھر کی دلچسپی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج 40 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گیا ہے، ملکی صنعت ترقی کر رہی ہے، منافع میں اضافہ ہو رہا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کر کے اپنی طاقت ثابت کی،افغانستان اور ایران سے دراندازی کے خلاف واضح پالیسی بنائی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس مینوں نے دبئی میں 12 ملین ڈالر کی پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی، این او سی کے عمل کو 150 سے کم کر کے 30 تک لایا جا رہا ہے، آسان کاروبار سکیم لا رہے ہیں، ایک چھت تلے تمام سہولیات میسر ہوں گی۔