کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے، متاثرین کو سہولت کے لئے مسلسل کام جاری ہے، صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبے کے 15 اضلاع کی 167 یوسیز سے اب تک 133,887 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5,830 افراد کو منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ کے قائم کردہ 158 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں مجموعی طور پر 45,146 متاثرین کو طبی سہولت فراہم کی گئی جن میں سے 5,570 افراد کا علاج صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مویشیوں کی حفاظت کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں، گزشتہ ایک دن میں 10,202 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے، اس کے علاوہ 59,148 مویشیوں کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک مجموعی طور پر 937,944 مویشیوں کا علاج و ویکسی نیشن مکمل کیا جا چکا ہے۔