مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں معمولی کمی ریکارڈ

Published On 12 September,2025 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0 اعشاریہ 02 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 5 اعشاریہ 03 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے پیاز 9 روپے 75 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ٹماٹر 21 روپے 47 پیسے، آلو 2 روپے 97 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 93 روپے 14 پیسے مہنگا ہوا، چاول 2 روپے 53 پیسے، انڈے 4 روپے 64 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چینی 2 روپے 65 پیسے، دال مونگ 5 روپے 12 پیسے، دال ماش 5 روپے 70 پیسے، دال چنا 2 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن 2 روپے 44 پیسے ، مٹن 2 روپے 5 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق برائلرمرغی 15 روپے 13 پیسے فی کلو، کیلے 4 روپے 60 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

20 کلو آٹے کا تھیلا 224 روپے 97 پیسے سستا ہوا، حالیہ ہفتے 4 اشیاء سستی اور 25 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔