اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) سیکرٹری توانائی نے کہا ہے کہ جولائی 2026 تک بجلی کی قیمتیں مستحکم رہیں گی اور رواں مالی سال کے اختتام تک بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن نے ایسا پلان تیار کیا ہے جس کے تحت عوام کو کسی اضافی بوجھ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
سیکرٹری توانائی نے بتایا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی یا اضافہ صرف ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ یا سالانہ ٹیرف پٹیشن کی بنیاد پر ہوتا ہے، رواں سال کے آغاز میں بنیادی ٹیرف میں کمی کی گئی جبکہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بھی زیادہ تر نرخوں میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے جس کا مثبت اثر مہنگائی کی شرح پر پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال عوام کو زیادہ ریلیف ملا ہے اور اس سے مجموعی طور پر مہنگائی میں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے بجلی بلوں میں مزید ریلیف کا اعلان آئندہ دو سے تین دنوں میں کیا جائے گا، ریلیف پیکیج کے تحت بعض علاقوں کے بل معاف جبکہ کچھ بل مؤخر کر کے بعد میں وصول کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، حکومت اس سے قبل بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کے اگست کے بجلی بل معاف کر چکی ہے۔