وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار کا برآمدات بڑھانے کے اقدامات کا اعلان

Published On 23 September,2025 09:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے برآمدات بڑھانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق پورٹ قاسم میں توسیعی منصوبے اور سیمنٹ و کلنکر برآمدات کے لیے نئی راہیں کھل گئی ہیں۔

انہوں نے پورٹ قاسم میں دو نئے ملٹی پرپز برتھس کی تعمیر تیز کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ 30 ہزار میٹرک ٹن گنجائش کا نیا اسٹوریج پلانٹ قائم کیا جائے گا جبکہ موجودہ سٹوریج انفرااسٹرکچر کی مرمت بھی اسی سال مکمل کر لی جائے گی۔

جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ کلنکر ایکسپورٹ کے لیے ساہیوال برتھ کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے، برآمدات کے فروغ کے لیے ذیلی کمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ سمندری شعبے کی مضبوطی سے معیشت اور تجارت کو نئی سمت ملے گی جبکہ نئے منصوبے سال 2025 کے اختتام تک فعال ہو جائیں گے جس سے پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔