اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کے شعبے کے 1225 ارب روپے کے گردشی قرضوں کا مسئلہ حل ہو گیا جس کا وزارت خزانہ نے بھی خیرمقدم کیا ہے، یہ تاریخی معاہدہ وزیراعظم کے ٹاسک فورس کی قیادت میں مکمل کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق معاہدہ سٹیٹ بینک، 18 بینکوں اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی شراکت سے طے پایا، اس کے تحت 660 ارب روپے کے پرانے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ اور 565 ارب روپے کی نئی فنانسنگ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو فراہم کی جائے گی۔
ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں صارفین پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور ادائیگیاں پہلے سے عائد 3.23 روپے فی یونٹ سرچارج سے ہوں گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاہدے کو "فیصلہ کن قدم" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مالیاتی نظم و ضبط کی بحالی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کے مطابق یہ اجتماعی قیادت اور ٹیم ورک کی کامیاب مثال ہے جس سے زرعی شعبے، ایس ایم ایز، تعلیم و صحت میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔