آئی ایم ایف کا پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں زیرو ان فلو کا مطالبہ

Published On 27 September,2025 10:42 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں زیرو اِن فلو کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ مالی سال گردشی قرض میں اضافہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گردشی قرض، کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی اور ٹیرف ریبیسنگ پر اہم مذاکرات ہوئے، پاور سیکٹر کا گردشی قرض 3 سے 6 برسوں میں مکمل طور پر ختم کرنے کا پلان بھی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا گیا۔

آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بینکوں سے 1.2 ٹریلین روپے کی ڈیل کے نتیجے میں گردشی قرض کم ہو کر 400 ارب روپے تک محدود ہو چکا ہے، 2026 سے سالانہ ٹیرف ریبیسنگ یکم جنوری سے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کو ترسیلات زر کے لیے مراعاتی سکیم پر بھی بریفنگ دی گئی، رواں مالی سال اس سکیم کے تحت 100 ارب روپے تک خرچ ہوں گے، سیلاب متاثرین کی مالی امداد اور نقصانات کے تخمینوں پر بھی آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کیا گیا۔