اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت نے آئی ایم ایف کو سیلاب متاثرین کی ریکوری و بحالی کیلئے وزیراعظم پیکج دینے کی درخواست کر دی۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں مختص 389 ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز کی رقم سے وزیراعظم پیکج متعارف کرایا جائے گا، سیلاب کے باعث نقصانات پر آئی ایم ایف نے نیڈ بیسڈ اسیسمنٹ رپورٹ مانگ لی۔
ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا نے 40 سے 50 ارب، سندھ نے 40 ارب روپے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ آئی ایم ایف نے گورننس اور کرپشن ڈائیگناسٹک اسیسمنٹ رپورٹ آج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ملٹری اور جوڈیشل افسران کے علاوہ سول بیوروکریسی کے اثاثے پبلک کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد سے کم رہ سکتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ این ایف سی اور سیلاب کے باعث نقصانات پر وزارت خزانہ، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ساتھ مذاکرات ہوئے ہیں، بلوچستان کو سیلاب کے باعث نقصان نہیں ہوا، پنجاب سے آج مذاکرات شیڈول ہیں۔