پاکستان اور روس کا تیل گیس اور منرلز شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم

Published On 13 October,2025 07:29 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کا دورہ روس، پاکستان اور روس نے تیل گیس اور منرلز شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے سینٹ پیٹرز برگ انٹرنیشنل گیس فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی، علی پرویز ملک کی اہم عالمی اقتصادی و توانائی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

علی پرویز ملک نے اعلیٰ سطحی پینل سیشن میں پاکستان کے توانائی شعبے میں اصلاحات کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے جامع اصلاحات کی ہیں۔

علی پرویز ملک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کی دعوت دی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے سینٹ پیٹرزبرگ فورم کے سائیڈ لائن پر ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرقطار سے ملاقات کی۔

علی پرویز ملک سے روسی توانائی کمپنی گیزپروم کے چیئرمین ایلیکسی ملر کی میٹنگ ہوئی، جس میں اوجی ڈی سی ایل اور گیز پروم میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

روس کی جیولوجیکل سروے کمپنی رسجیو اور توانائی کی اے آئی کمپنی نیڈرا ڈیجیٹل سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔