ٹیکس کلیکشن بڑھانے کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

Published On 19 October,2025 11:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) ٹیکس کلیکشن بڑھانے کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ریونیو کلیکشن سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی آر اے سپیشل یونٹ میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹ، لیگل ایکسپرٹ اور ڈیٹا اینا لیس شامل ہوں گے۔

اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرکار 30 اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور اتھارٹی میں 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اضلاع تک ریونیو اتھارٹی کی توسیع کے لئے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی، پنجاب میں ریونیوبڑھانے کے لئے 19 نئے سیکٹرز شامل کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا، اضلاع میں ریونیواتھارٹی سے متعلق اضافی ذمہ داریاں اے ڈی سی جی کو تفویض کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی آر اے نے ٹیکس دہندگان کے لئے سہولت ایپ بھی متعارف کرا دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکس ریونیو میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو پریشان نہ کیا جائے، نئے سیکٹر متعارف کرائے جائیں۔