صنعتی و زرعی صارفین بجلی کے اضافی استعمال پر زیادہ ریلیف کے حق دار

Published On 24 October,2025 11:32 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) وفاقی حکومت نے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا، پیکیج کے تحت وہ صنعتی اور زرعی صارفین جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم از کم 25 فیصد زیادہ بجلی استعمال کریں گے انہیں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں رعایت دی جائے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق حکومت کے پاس اس وقت 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے جو ان شعبوں کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔

صنعتی صارفین کے لیے رعایتی نرخ
وہ صنعتی صارفین جو گزشتہ سال کے مقابلے 100 فیصد زیادہ بجلی خریدیں گے انہیں 7 روپے 6 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا، ان کی فی یونٹ قیمت 44 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 37 روپے رہ جائے گی۔

وہ صارفین جو 50 فیصد زیادہ بجلی استعمال کریں گے انہیں 5 روپے ایک پیسہ فی یونٹ رعایت ملے گی، ان کی فی یونٹ قیمت 44 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 39 روپے 6 پیسے ہو جائے گی۔

اسی طرح وہ صارفین جو 25 فیصد زیادہ بجلی استعمال کریں گے انہیں 3 روپے 1 پیسہ فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا، ان کے لیے فی یونٹ قیمت 44 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 41 روپے 6 پیسے ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے موجودہ بنیادی نرخ 34 روپے 9 پیسے فی یونٹ ہیں جن میں 12 روپے 4 پیسے فی یونٹ ٹیکس شامل ہے، حکومت نے بنیادی نرخوں کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں میں بھی بتدریج کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زرعی صارفین کے لیے رعایتی نرخ
وہ زرعی صارفین جو گزشتہ سال کے مقابلے 100 فیصد زیادہ بجلی استعمال کریں گے انہیں 5 روپے 5 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا جبکہ 50 فیصد زیادہ استعمال کرنے والوں کو 3 روپے 6 پیسے فی یونٹ رعایت ملے گی اسی طرح 25 فیصد زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 2 روپے 2 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا۔

زرعی صارفین کے لیے بھی بنیادی نرخوں کے ساتھ ٹیکسز میں بھی بتدریج کمی کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ رعایتی پیکیج نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک مؤثر رہے گا، اس اقدام کا مقصد صنعتی پیداوار میں اضافہ، زرعی شعبے کی ترقی اور قومی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔