اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے طارق علی خان کو اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی پر قابو پا لیا گیا ہے، مالیاتی نظم و ضبط بحال، اصلاحات اور نجکاری پر حکومت کی توجہ ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبے کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خزانہ نے کینیڈین سفیر کو توانائی، انفراسٹرکچر اور معدنیات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریکو ڈک جیسے منصوبے پاکستان کینیڈا معاشی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے، وزیر خزانہ نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور کان کنی میں کینیڈین سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان کی معاشی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کینیڈا پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ توانائی، ایل این جی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں شراکت کے مواقع موجود ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق کراچی میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں کینیڈین کمپنیوں کی دلچسپی ہے، کینیڈا پاکستان کی سبز معیشت اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات میں تعاون پر آمادہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق زرعی تجارت اور کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ چیمبر آف کامرس کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کینیڈا نے ماحولیاتی فنڈز میں مالی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر بات چیت میں پیش رفت، جلد تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔



