ای سی سی کا خوردنی تیل و گھی کے شعبے میں اجارہ داری کی تحقیقات کا فیصلہ

Published On 24 October,2025 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خوردنی تیل و گھی کے شعبے میں اجارہ داری کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی نے مہنگائی کے رجحانات اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

محمد اورنگزیب نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مربوط اور بروقت اقدامات پر زور دیا اور عوام کی قوتِ خرید کے تحفظ، مارکیٹ استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

چیف اکانومسٹ نے مہنگائی کے رجحانات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے زرعی اراضی اور مویشی متاثر ہوئے، سیلابی صورتحال سے غذائی افراطِ زر میں اضافہ ہوا، ستمبر 2025 میں مہنگائی کی شرح 5.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اجلاس میں چیف اکانومسٹ نے کہا کہ اکتوبر کے دوران مہنگائی میں مزید اضافہ نوٹ کیا گیا، چند اشیاء چکن، چاول، اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی، بیف، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا، رمضان پرائس سٹیبلائزیشن پلان کی تیاری جاری ہے۔

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے مہنگائی کنٹرول سے متعلق پالیسی تجاویز پیش کیں، ای سی سی نے صوبوں کو ادارہ شماریات کے "ڈیسیژن سپورٹ سسٹم" استعمال کی ہدایت کی۔

وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، وزارتیں مہنگائی پر قابو پانے اور مارکیٹ استحکام کیلئے مل کر کام کریں۔

ای سی سی نے پری شپمنٹ انسپکشن فریم ورک تجویز کی منظوری دے دی، کمیٹی نے گاڑیوں کی درآمدی پالیسی میں ترامیم کی تجویز پر مزید مشاورت کی ہدایت کی۔

اجلاس میں قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد پالیسی پر موجودہ فریم ورک برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی، ای سی سی نے دفاعی ڈویژن کی دو سمریوں کی بھی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے لیے 2.5 ارب روپے کی منظوری دی، ایف ڈبلیو او کے لیے یو اے ای میں منصوبوں کے واجبات کی ادائیگی کی اجازت دی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کیلئے 45 کروڑ 59 لاکھ 84 ہزار روپے کے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، پاکستان منٹ کالونی میں بجلی کے میٹرز کی تنصیب کیلئے 11 کروڑ 21 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان رینجرز کے ہیلی کاپٹر پرزہ جات کیلئے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کی منظوری دی۔