پاکستان ریلوے کا نئے طریقہ کار کے تحت ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

Published On 29 October,2025 07:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ریلویز نے نئے طریقہ کار کے تحت ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نئے طریقہ کار کے تحت 11 ٹرینوں کو بڈز کی بجائے اوپن نیلام کیا جائے گا، ریلوے حکام نے اس حوالے سے اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔

جن ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں ہزارہ ایکسپریس، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بدر ایکسپریس شامل ہیں۔

غوری ایکسپریس، راول ایکسپریس، تھل ایکسپریس، مونجو داڑو پسنجر، فرید ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور فیض احمد فیض پسنجر ٹرین بھی آؤٹ سورس ہونیوالی ٹرینوں میں شامل ہیں۔

ٹرینوں کی اوپن نیلامی 20 نومبر کو کی جائے گی، اس سے قبل 9 ٹرینوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے چلانے کے لیے ریلوے حکام کو 7 ارب 90 کروڑ روپے کی فنانشل بڈز موصول ہوئیں۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے تمام ٹرینوں کی فنانشل بڈز کو منسوخ کر دیا تھا، فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اوپن نیلامی کے ذریعے ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔