اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے ملک بھر میں سمارٹ میٹرنگ اصلاحات کا آغاز کردیا۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ڈسکوز میں جدید سمارٹ میٹرز کی بڑے پیمانے پر تنصیب کا فیصلہ کیا ہے، صارفین کو بہتر سہولیات اور شفاف نظام فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اِسی طرح پاور ڈویژن نے مالی سال 26-2025 ’کسٹمر سروس امپروومنٹ کا سال‘ قرار دیا ہے،سمارٹ میٹرنگ سے نظام میں شفافیت، درستگی اور صارف کا اعتماد بحال ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ بجلی صارفین میں سے 80 فیصد سنگل فیز صارفین ہیں، سمارٹ میٹرز کی قیمت 20 ہزار سے کم ہو کر 15 ہزار روپے فی میٹر تک لائی گئی، شفاف اور مسابقتی خریداری سے 25 ارب روپے سالانہ بچت کا امکان ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سمارٹ میٹرنگ سے انسانی مداخلت کم، بلنگ کے عمل میں درستگی آئے گی، سمارٹ میٹرز سے صارف موبائل ایپ کے ذریعے بجلی کے استعمال کو ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ سمارٹ میٹرز بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال اور لاگت میں کمی میں مددگار ثابت ہوں گے، سمارٹ میٹرنگ سے ڈسکوز کو بلنگ اور شکایات کے ازالے میں تیز رفتاری حاصل ہوگی، بجلی کے نیٹ ورک کی ریموٹ نگرانی اور فالٹ کی فوری نشاندہی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں سمارٹ میٹرنگ اصلاحات پاور سیکٹر کی ڈیجیٹل منتقلی کی سمت ایک اہم سنگ میل ہیں،جدید ٹیکنالوجی سے بجلی کے شعبے میں شفاف، تیز اور محفوظ خدمات ممکن ہوں گی۔



