فلور ملز ایسوسی ایشن کا جڑواں شہروں میں آٹے کی ترسیل روکنے کا فیصلہ واپس

Published On 08 November,2025 11:19 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن نے جڑواں شہروں میں آٹے کی ترسیل روکنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

ڈی سی آفس میں ہونے والے اجلاس میں فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے نمائندے شریک ہوئے، جس میں آٹے کی سپلائی سے متعلق مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جس میں انتظامیہ کی جانب سے فلور ملز ایسوسی ایشن کو چوکر پر پابندی ختم کرنے اور آٹا پرمٹ کے اجرا کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کی فلور ملز کے گندم پرمٹ فوری طور پر بحال کرنے اور راولپنڈی کی فلور ملز کو بھی گندم پرمٹ کے اجرا کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں اے ڈی سی نے فلور ملز پر تعینات پیرا فورس کے خاتمے اور فلور ملز کے خلاف درج ایف آئی آرز اور بھاری جرمانوں پر نظرِ ثانی کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے اجلاس کے بعد کہا کہ حکومتی یقین دہانیوں کے بعد آٹے کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔