یو اے ای کے قومی دن پر وزیراعظم شیخ محمد بن راشدالمکتوم سے بزنس مین لیڈر خرم خواجہ کی ملاقات

Published On 03 December,2025 08:12 pm

دبئی (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے 54 ویں قومی دن کی تقریبات کے موقع پر پاکستان بزنس کونسل دبئی کے جنرل سیکرٹری خرم خواجہ نے وزیراعظم یو اے ای شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔

پاکستان بزنس کونسل دبئی کے جنرل سیکرٹری اور مڈل ایسٹ میں سٹیل انڈسٹری کے نامور پاکستانی بزنس لیڈر خرم خواجہ نے دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ ملاقات انتہائی خوشگوار اور مستقبل کی معاشی سمت پر مرکوز تھی۔

خرم خواجہ نے کہا کہ ہز ہائنس شیخ محمد بن راشد المکتوم کا ڈی 33 اکنامک وژن آنے والے برسوں میں یو اے ای کو عالمی اقتصادی طاقت کا نیا محور بنا دے گا، خصوصاً اس وقت جب دنیا تیزی سے سرمایہ کاری کے محفوظ مراکز تلاش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی معاشی صورتحال، تجارتی راستوں کے استحکام، سرمایہ کاری کے مواقع، اور پاکستان۔یو اے ای دوطرفہ کاروباری تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

خرم خواجہ نے کہا کہ یو اے ای نے غیر ملکی کاروباری افراد کو عزت، اعتماد اور مکمل قانونی تحفظ فراہم کر کے ثابت کیا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بزنس فرینڈلی ملک ہے، اماراتی قیادت کے وژن اور شفاف قوانین کی بدولت پاکستانی سرمایہ کار یہاں بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سٹیل، کنسٹرکشن، ٹیکنالوجی، لاجسٹکس اور سروس سیکٹرز میں بڑی مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور آئندہ چند برسوں میں یہ تعاون نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

خرم خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو چاہیے کہ یو اے ای آنے سے پہلے تحقیق، قانونی ذمہ داریوں اور جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت حاصل کرے تاکہ وہ اس مارکیٹ میں مضبوطی سے اپنا مقام بنا سکے۔