لاہور (دنیا نیوز )پی ایس ایل پلے آف میں کراچی کے خلاف کامران اکمل کی دھواں دار بیٹنگ بھی قومی ٹیم کے کوچ مِکی آرتھر کو متاثر نہ کر سکی، ہیڈ کوچ وکٹ کیپر بلے باز کو نیشنل ٹیم میں جگہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔ کامران اکمل کا کہنا ہے ایک شخص کی وجہ سے ٹیم میں شمولیت نہیں رک سکتی۔ کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں بہترین پرفارمنس پیش کی۔ ایونٹ میں ابھی تک 424 رنز بنا کر ٹاپ بلے باز بھی ہیں۔
واحد سنچری اور تیز ترین ففٹی بنانے کے باجود قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر ان سے متاثر نہ ہو سکے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کامران اچھے بلے باز ہیں لیکن نیشنل ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بنتی، انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر مختلف ہوتا ہے، کامران اکمل کو متعدد مواقع دیئے گئے لیکن وہ پرفارم نہ کر سکے۔ دوسری جانب وِکٹ کیپر بلے باز پاکستانی سکواڈ میں واپسی کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے ایک شخص کی وجہ سے ٹیم میں شمولیت رک نہیں سکتی۔