انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور بھارتی کرکٹر محمد سمیع ٹریفک حادثہ میں زخمی ہو گئے ہیں۔ محمد سمیع دہرادون میں قائم کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کیلئے دہرادون میں تھے اور وہاں سے وہ دہلی لوٹ رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی کا ایک ٹرک سے تصادم ہو گیا۔ حادثے کے فوری بعد انھیں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے زخموں کو بھرنے کیلئے ان کے ماتھے اور سر پر ٹانے لگائے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمد سمیع کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انھیں آرام کا مشورہ دیتے ہوئے ہسپتال داخل کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محمد سمیع گزشتہ کچھ دنوں سے گھریلو تنازع کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ان کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر دیگر خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔