نیوزی لینڈ کا تعلیمی معیار اور انٹرنیشنل ریکنگ
نیوزی لینڈ کی یونیورسٹیوں کو پوری دنیا میں اپنی اعلیٰ ریسرچ اور جدید ترین نصاب کی وجہ سے اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ پوری دنیا میں نیوزی لینڈ کے تعلیمی اداروں سے حاصل کردہ ڈگریوں اور ڈپلوموں کو جانا اور مانا جاتا ہے جس کی وجہ ان کا اعلیٰ معیار اور کوالٹی ایجوکیشن ہے۔ نیوزی لینڈ کی اچھی ڈگری یا ڈپلومے کا مطلب اپنی ساری زندگی کے لئے اپنی تعلیمی قابلیت میں شاندار اضافہ کرنا اور اپنے لئے اعلیٰ جاب یعنی ملازمت کی گارنٹی حاصل کرنا ہے۔
اہم تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں
نیوزی لینڈ کی آٹھ یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف آک لینڈ ، میسی یونیورسٹی، اوٹیگو یونیورسٹی، کینٹر بری یونیورسٹی، لنکن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف وکٹوریا ویلنگٹن، وائی کاٹو یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آک لینڈ شامل ہیں۔
ان معروف تعلیمی اداروں کے علاوہ سینکڑوں دیگر اچھے کالج اور ٹیکنیکل تعلیم کے ادارے ہیں جہاں آپ اپنی تعلیمی قابلیت اور تجربے کے مطابق کورسز میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
تعلیمی ویزہ اور سٹوڈنٹس سے متعلقہ معلومات
پاکستان سے نیوزی لینڈ جانے والے سٹوڈنٹس کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ نیوزی لینڈ کی پاکستان میں ایمبیسی نہیں ہے، اس کا ویزہ آپ کو دبئی سے ملتا ہے۔ آپ وہاں سے فون یا انٹرنیٹ کے ذریعے وقت لے کر اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں، بصورتِ دیگر آپ کورئیر کے ذریعے بھی اپنی ویزا درخواست بھجوا دیں۔ کاغذات مکمل ہونے کی صورت میں با آسانی ویزہ لگ جاتا ہے جس کے پورے پراسیس میں 6 سے 8 ہفتے لگ جاتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کا ویزہ حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے پاس نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی، کالج یا ٹیکنیکل انسٹیٹوٹ میں داخلے کا ثبوت، 18 سے 20 لاکھ روپے کی بینک سٹیٹمنٹ، انگریزی امتحان کے اچھے نمبروں کا سرٹیفیکٹ، پاسپورٹ کی کاپی اور دو تصاویر، پولیس کا سرٹیفیکیٹ کہ آپ اچھے کردار کے حامل فرد ہیں اور ہیلتھ سرٹیفیکیٹ جس میں پولیو اور ٹی بی نہ ہونے کی تصدیق ہو دینا لازمی ہے۔
نیوزی لینڈ میں بطور طالب علم جانے کے لئے آپ کے پاس 18 سے 20 لاکھ روپے ہونا ضروری ہے۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو مزید 6 سے 8 لاکھ روپے چاہیے ہوں گے کیونکہ یہ آپ کی بیوی یا شوہر کے سالانہ قیام و طعام کے اخراجات ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کے اچھے تعلیمی ادارے میں سٹوڈنٹ کی سالانہ فیس 10 سے 12 لاکھ ہوتی ہے۔ کمرے کا ماہانہ کرایہ 500 ڈالر تک ہوتا ہے۔ کھانے پینے، بلوں، سیر و تفریح اور ٹرانسپورٹ پر بھی تقریباً اتنا خرچہ آ جاتا ہے۔ یعنی آپ کو سالانہ 18 سے 20 لاکھ درکار ہوں گے۔ یہ اخراجات تقریباً آسٹریلیا میں تعلیمی اخراجات کے برابر ہیں۔
دوران تعلیم ہر فرد کو بیس گھنٹے کم کرنے کی اجازت ہوتی ہے اور اس کا معاوضہ پندرہ سے بیس ڈالر ملتا ہے، مگر ٹیکنکل کاموں میں اس میں اضافہ ہو جاتا ہے لیکن سکالرشپ ملنے کی صورت میں تعلیم فری یعنی مُفت ہو جاتی ہے جس کے نیوزی لینڈ میں چانسز بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ اس صورت میں اخراجات کا انحصار سکالرشپ کی نوعیت پر ہوتا ہے۔ بعض سکالرشپ مکمل یعنی فُل سکالر شپ ہوتی، مگر دوسری صورت میں یہ نصف یعنی آدھے ہوتے ہیں۔ کچھ سکالرشپس میں سب اخراجات مثلاً میڈیکل، ہوائی ٹکٹ، قیام و طعام، سفر وغیرہ سب مل جاتے ہیں لیکن بعض میں یہ سب جزوی طور پر دستیاب ہوتے ہے۔ اس لئے جب بھی کسی سکالرشپ کو اپلائی کریں اس کی تفصیلات کو بغور جان لیں تا کہ آپ درست طور پر اپنی معاشی منصوبہ بندی کر سکیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایک سال کا پوسٹ سٹڈی ویزہ آسانی سے مل جاتا ہے جس میں اگر فرد جاب حاصل کر لے تو پھر نیشنیلٹی بھی مل سکتی ہے۔