لاہور (دنیا نیوز ) پاکستان سپر لیگ تھری میں نوجوان ٹیلنٹ نے شاندار پرفارمنس سے نہ صرف شائقین بلکہ پی سی بی سلیکٹرز کے بھی دِل جیت لیے، تین نوجوانوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جگہ بنائی۔ پی ایس ایل تھری میں بھی نوجوانوں کی دھوم مچ گئی، میگا ایونٹ میں بے شمار ابھرتے ہوئے کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی پہلے ہی میچ سے توجہ کا مرکز بن گئے، ان کی ٹیم پی ایس ایل کے ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہو گئی لیکن عمدہ بائولنگ پرفارمنس سے وہ قومی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مِڈل آرڈر بلے باز آصف علی کے بھی کیا کہنے، فائنل میں میچ وِننگ جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ٹرافی کا حق دار تو بنایا لیکن پاکستانی سکواڈ میں سلیکشن کا انعام بھی پایا۔
اسلام آباد کے آل راؤنڈر حسین طلعت بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، پشاور زلمی کے سپن بائولر ابتسام شیخ نے صرف چار میچ کھیل کر پانچ شکار کیے اور دیکھنے والوں کو خوب متاثر کیا۔ پاکستان سپر لیگ سے حسن علی، شاداب خان اور فخر زمان جیسے ٹاپ کرکٹرز ابھر کر سامنے آ چکے ہیں۔