جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ معاملے نے کپتان سٹیو اسمتھ اور نائب ڈیوڈ وارنر کو عہدوں سے چھٹی کرا دی تھی، دوران میچ ٹِم پین کو قیادت سونپی گئی۔ جینٹل مین گیم کو گندہ کرنے والی ٹیم جیت کیسے سکتی تھی۔ 430 رنز کا ہدف ملنے پر 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 322 رنز کی جیت سے میزبان جنوبی افریقا نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اوپنر کیمرون بینکرافٹ کا جرم کپتان کے گلے پڑا جس پر انہیں ایک میچ کی پابندی اور میچ فیس جرمانے کی سزا ملی، اب سٹیو سمتھ کو آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز کی قیادت سے بھی دستبردار ہونا پڑا۔
ادھر آسٹریلوی میڈیا نے بھی سمتھ الیون کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے جبکہ آسٹریلوی وزیرِ اعظم سمیت لیجنڈری کپتان مائیکل کلارک اور آئن چیپل نے تو بے رحم تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اب سابق کوچ جان بکانن نے کپتان اور ٹیم ہی نہیں بلکہ کوچ ڈیرن لیہمن کو بھی اڑا کر رکھ دیا، سوالیہ انداز میں کہا کہ کوچ اس بال ٹیمپرنگ پلان سے کیسے بے خبر رہ سکتے ہیں؟