آسٹریلیا سے برطانیہ کا 9 ہزار میل کا فاصلہ صرف 17 گھنٹوں میں طے ہوگا

Last Updated On 25 March,2018 06:36 pm

آسٹریلیا سے برطانیہ کا سفر اب صرف 17 گھنٹوں کی ایک فلائٹ میں سمٹ گیا ہے۔ آسٹریلیا سے پرواز بھرنے والی کوانتس ایئرلائن کی یہ فلائٹ بغیر کہیں رکے 9 ہزار میل کا سفر 17 گھنٹوں میں طے کر کے لندن پہنچے گی۔ آسٹریلیا سے لندن تک کے اس طویل ترین فضائی روٹ کو "کینگرو روٹ" کے نام سے جانا جاتا ہے۔

 

کوانتس ایئر لائن نے جب 1947 میں آسٹریلیا سے لندن تک کا یہ "کینگرو روٹ" شروع کیا تھا تو اس وقت اسے منزل تک پہنچنے میں چار دن لگتے تھے جس دوران اسے 9 جگہ پر رکنا پڑتا تھا۔آسٹریلوی فضائی کمپنی نے اس روٹ کو اب صرف 17 گھنٹوں میں طے کرنے کے لیے سروس کا آغاز کیا ہے۔ اس طویل ترین روٹ پر بغیر روکے سفر کرنے والی پہلی پرواز 24 مارچ کو پرتھ کے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی ہے اور بغیر کہیں رکے 17 گھنٹوں کا سفر طے کر کے لندن کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کو صبح سویرے 5 بچے لندن پہنچے گی۔

 

اس پرواز کے لیے بوئنگ کا ڈریم لائنر 787-9 استعمال کیا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا کی حکومت کو امید ہے کہ اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ خیال رہے کہ دنیا کی سب سے طویل ترین فلائٹ کا اعزاز قطر ایئرویز کے پاس ہے جو دوہا سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کا 14 ہزار 529 کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہے۔