آئی پی ایل: سلو اوور ریٹ پر کوہلی کو 12لاکھ روپے جرمانہ

Last Updated On 27 April,2018 06:54 pm

بنگلور: (ویب ڈیسک) ویرات کوہلی ایک پریشان کن صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں کیونکہ ان پر چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں ناقص اوور ریٹ پر ان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کا موجودہ ایڈیشن کوہلی کے لیے اب تک کچھ اچھا ثابت نہیں ہو سکا، نہ وہ خود تسلسل سے رنز نہیں بنا پا رہے بلکہ ان کی ٹیم بھی فتوحات حاصل نہیں کر پا رہی۔ ایسے میں کوہلی کو ایک اور خمیازہ بھگتنا پڑا جب انڈین پریمیئر لیگ گورننگ کونسل کے جاری کردہ بیان کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم چنائی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت میں اوورز ختم کرانے میں ناکام رہی جس کی پاداش میں کوہلی پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس میچ میں مہندرا سنگھ دھونی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے بنگلور کی ٹیم کو یقینی فتح سے محروم کردیا اور یوں بنگلور کی ٹیم کو 6 میچوں میں چوتھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔