حسن رضا کی مبینہ بُکی سے ملاقات، پی سی بی نے نوٹس لے لیا

Last Updated On 28 May,2018 05:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹیسٹ بیٹسمین حسن رضا کی مبینہ بُکی کے ساتھ ملاقات کا پی سی بی نے نوٹس لے لیا۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے قومی بلے باز کے خلاف تحقیقات کا اعلان کر دیا۔ ادھر حسن رضا نے اسے اپنے اور پاکستان کرکٹ کے خلاف بھارتی سازش قرار دے دیا ہے۔

کرکٹ فکسنگ کا جِن پھر بوتل سے باہر، پہلے پِچ فکسنگ اور اب میچ فکسنگ سے متعلق پر عرب ٹی وی کا سٹنگ آپریش، ٹیسٹ بیٹسمین حسن رضا بھی کیمرے میں، ویڈیو وائرل ہو جانے کے بعد پی سی بی بھی اِن ایکشن، اینٹی کرپشن یونٹ قومی بلے باز سے باز پُرس کرنے کے لیے پُرجوش۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ فکسر روبن مورس نے بیٹنگ کمال دکھانے اور لمبا مال کمانے کے پلان بتا دئیے۔ پاکستان کی طرف سے سولہ ون ڈے اور سات ٹیسٹ یعنی تیئس انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے حسن رضا زیادہ تر خاموش مگر گندے دھندے کے لیے رضامند نظر آئے بلکہ ہاں میں ہاں بھی ملائی۔

فکسنگ سکینڈل پر حسن رضا نے ریورس سوئپ مارتے ہوئے اسے سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کرکٹ تباہ کرنا چاہتا ہے۔

عرب ٹی وی نے گال ٹیسٹ کی پچ فکسنگ اور اب دیگر فکسڈ میچز پر سٹنگ آپریشن کی مکمل ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے جس میں بھارت کا اکثر میچوں سے کھلواڑ کا انکشاف ہوا ہے۔