اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ آسان نہیں تھا، اتفاق رائے پیدا ہونے پر تمام سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں، امید ہے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کا کردار جمہوری عمل کے حق میں ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ناصر الملک کا انتخاب میرٹ پر مل بیٹھ کر کیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پہلے دن کہا تھا، وہی ہوگا، جو خورشید شاہ کہیں گے۔ نگران وزیراعظم کا فیصلہ آسان نہیں تھا، اتفاق رائے پیدا ہونے پر تمام سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں، امید ہے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کا کردار جمہوری عمل کے حق میں ہوگا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے 6 نام زیر غور تھے، 4 نام ڈسکس ہو رہے تھے ، 2 نام اور بھی تھے، زیر بحث ناموں میں جسٹس (ر) ناصر ملک اور سلیم عباس جیلانی شامل تھے، 6 میں سے ایک ہی شخصیت کا نام فائنل ہونا تھا۔ ناصر الملک کا انتخاب میرٹ پر مل بیٹھ کر کیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ جذبات سے ہٹ کر کیا۔ اپنی پارٹیوں کو بھی اعتماد میں لیا۔ جسٹس (ر)ناصر الملک قابل احترام شخصیت ہیں۔ اللہ تعالیٰ جسٹس (ر)ناصر الملک کو الیکشن کرانے میں کامیاب کرے، امید ہے وہ صاف و شفاف، غیر جانبدار الیکشن کرائیں گے۔ نگران وزیراعظم پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ امید کرتے ہیں جو پارٹی الیکشن جیت کر آئے، اچھے فیصلے کرے۔