عمران سے دوستی کے نام پر کوئی عہدہ نہیں لوں گا :وسیم اکرم

Last Updated On 28 August,2018 03:54 pm

لاہور (دنیا نیوز ) عمران خان دوست ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوستی کے ناطے پی سی بی میں عہدہ لوں، وسیم اکرم کہتے ہیں دوستی کے نام پر عہدہ لیا تو نیا پاکستان کیسے بنے گا، ایشیا کپ میں کوئی آسان حریف نہیں مقابلہ سخت ہو گا۔

لاہور کے نجی ہوٹل میں ذیابطیس کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ کسی عہدے کا خواہش مند نہیں ہوں، عمران خان دوست ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ عہدہ لوں ۔

انہوں نے کہا کہ احسان مانی کی تقرری کرکٹ بورڈ کے لئے بہتر ثابت ہو گی، وسیم اکرم نے نووونارڈسک پاکستان کی متعارف کردہ جدید انسولین کوشوگر کے مریضوں کے لیے بہترین ایجاد قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیس سال سے ذیابطیس کا شکار ہوں، نووونارڈسک پاکستان مریضوں کے لئے بہترین ادویات فراہم کر کے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں کوئی آسان حریف نہیں مقابلہ سخت ہو گا۔