کراچی: (دنیا نیوز) قومی ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر کرکٹر کامران اکمل کوچ، کپتان اور سلیکٹرز پر برس پڑے، کھلاڑی کا کہنا ہے فارم اور فٹنس کے باوجود سلیکشن نہیں ہو رہی، کیا سامان جلا دوں یا خود کو بلے ماروں؟
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے، میری فٹنس اور کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، دیگر ممالک کی ٹیموں میں دو وکٹ کیپر شامل ہوتے ہیں۔
کامران اکمل نے کہا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے لیکن موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔ چیف سلیکٹر کا ٹیم کے انتخاب میں زیادہ عمل دخل نظر نہیں آرہا، اتنی ہمت نہیں کہ حق کے لئے لڑائی کرسکوں، حق کے لئے آواز بلند کروں گا تو نوٹس جاری ہوجاتا ہے،اپنے آپ کو بیٹ ماروں یا سامان جلا دوں، کیا منفرد کارنامہ انجام دوں کہ شاید پی سی بی مجھ سے رابطہ کرے۔
واضح رہے کہ کامران اکمل گزشتہ سال ویسٹ انڈیز ٹیم سے ایک روز میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سے ٹیم سے آؤٹ ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اچھی کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ کامران نے ویسٹ انڈیز میں خراب فیلڈنگ کی تھی اور صورت حال تبدیل نہیں ہوئی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا ہونا ضروری ہوتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی باعث پشاور زلمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ کامران اکمل لیگ کے ٹاپ اسکوررز میں بھی شامل تھے جنہوں نے ایک سنچری کی بدولت 425 رنز بنائے تھے۔