لاہور: (دنیا میگزین) کچھ عرصہ قبل ایک تقریب میں ٹنڈولکر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنا پہلا میچ بھارت کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی کپتانی میں پاکستان کیلئے کھیلا تھا۔
ہم سب جانتے ہیں کہ دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ سچن ٹنڈولکر نے 1989ء میں پاکستان کے خلاف میچ کھیل کر اپنے کیریئر کا آغاز کیا لیکن خود ٹنڈولکر نے اپنے پہلے میچ کے متعلق جو بات بتائی ہے وہ آپ کیلئے نہایت خوشگوار حیرت کا باعث بنے گی۔
کچھ عرصہ قبل ایک تقریب میں ٹنڈولکر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنا پہلا میچ بھارت کیلئے نہیں بلکہ عمران خان کی کپتانی میں پاکستان کیلئے کھیلا تھا۔
ٹنڈولکر کا ڈبیو میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان پریکٹس میچ تھا، ہے نا حیرت کی بات؟ ٹنڈولکر اپنی سوانح حیات کی تعارفی تقریب میں خطاب کر رہے تھے اور جب انہوں نے یہ دلچسپ بات بتائی تو حاضرین کے منہ حیرت سے کھلے رہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ 1987ء کی بات ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے دورے پر آئی ہوئی تھی اور ایک نمائشی میچ کے دوران جب لنچ ٹائم پر جاوید میانداد اور عبدالقادر میدان سے باہر گئے تو انہیں عمران خان کی ٹیم کیلئے فیلڈنگ کرنے کو کہا گیا۔
اس یادگار میچ کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے انہیں لانگ آن پر کھڑا کیا اور کچھ ہی دیر بعد بھارتی کھلاڑی کپل دیو نے انتہائی اونچی شاٹ کھیلی اور وہ کیچ پکڑنے کیلئے تقریباً 15 میٹر دوڑے مگر گیند تک نہ پہنچ سکے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ میں نے ایک دوست کو شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر عمران خان نے مجھے لانگ آن کی بجائے مڈ آن پر کھڑا کیا ہوتا تو میں کیچ ضرور پکڑ لیتا۔
ٹنڈولکر اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ معلوم نہیں عمران خان کو یہ بات یاد ہو گی یا نہیں کہ کبھی میں بھی ان کی کپتانی میں کھیلا تھا۔