اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 4 سے 10 اکتوبر تک اسپیس ویک منایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں طلبا و طالبات کو اسپیس ٹیکنالوجی سے آگہی کے لیے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
کھیلنا رنگوں سے لیکن نظر ستاروں سے آگے کے جہاں پر، مصنوعی خلائی دنیا کے تقشے بنا کر طلباء نے مستقبل کے ارادوں کا اظہار کیا۔ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی میں سجے اسپیس ویک میں 115 اسکولز کے 5 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے جہاں پینٹنگ اور گرفیٹی آرٹ سے خلاء کی تصویر کشی کی وہیں سائنسی ماڈل بھی سب کی توجہ کا مرکز رہے۔
ایک ہفتے کے دوران ان طلباء میں اسپیس ٹیکنالوجی سے جڑے سو سے زائد مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ سائنس ویک کا انعقاد جہاں معلومات میں اضافے کا باعث بنے گا وہیں انہیں مستقبل کے لیے خود کو جانچنے کا بھی موقع ملے گا۔