دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے۔ پاکستان نے دوسرے روز پہلی اننگز کے اختتام تک 482 رنز بنائے۔
سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے دو سو پچپن رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی، نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں اسد شفیق اور حارث سہیل کے درمیان 150 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنا لیں۔ اسد شفیق لیبشانج کی گیند پر 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد بابر اعظم میدان میں آئے۔
چائے کے وقفے کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو ایک اور نقصان اس وقت ہوا جب بابر اعظم صرف چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعدف نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد 15 کے سکور پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ بلال آصف (12) اور یاسر شاہ (3) رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 482 رنز سکور کیے۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور تین بلے بازوں نے سنچری اور دو نے نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 3، نیتھن لیون نے دو جب کہ جون ہولاند، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیل کے پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی پراعتماد انداز سے کھیل پیش کیا اور کھانے کے وقفے تک 89 رنز جوڑے، وقفے کے بعد بیٹںگ دوبارہ شروع ہوئی تو محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 205 تک پہنچا تو امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 126 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہیں پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی۔دو سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنائے۔
اظہر علی 18 رنز بناکر ہولینڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ قومی ٹیم پہلے روز میچ کے اختتام پر مجموعی طور پر 255 رنز بناسکی۔قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔