کنگسٹن: (سپورٹس ڈیسک ) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے سنچری کے ساتھ لسٹ اے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ جمیکا اوربارباڈوس کے میچ میں ساتھی کھلاڑیوں اور مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے انہیں زبردست انداز سے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ویسٹ انڈیز کے اسٹار بیٹسمین کرس گیل نے سنچری کے ساتھ جمیکا کی لسٹ اے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ انھوں نے بارباڈوس کے خلاف ریجنل سپر 50 مقابلے میں 122 رنز بنائے، ان کی اس سنچری سے تقویت پاکر جمیکا کی ٹیم نے 226 رنز بنائے، جواب میں بارباڈوس کی ٹیم 193 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جمی کارٹر نے 77 رنز بنائے۔ میچ سے قبل ہی کرس گیل نے اعلان کردیا تھا کہ یہ ان کا آخری لسٹ اے میچ ہوگا۔جس کی وجہ سے انھیں اپنی اور حریف ٹیم دونوں کے کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے جمیکا کی جانب سے اپنے آخری 50 اوورز میچ میں سنچری اسکور کی جس سے میں ہمیشہ لطف اندوز ہوتا رہوں گا، ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنا ہمیشہ ہی میرے لیے خوش کن رہا ہے، میں جمیکا کی جانب سے اب مزید ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلنا چاہوں گا۔