سلیم ملک نے مجھے دو لاکھ ڈالرز رشوت کی پیشکش کی :شین وارن

Last Updated On 12 October,2018 03:00 pm

نئی دہلی (نیٹ نیوز ) آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے اپنی نئی کتاب میں سابق پاکستانی کپتان سلیم ملک کی جانب سے 2 لاکھ ڈالرز رشوت کی پیشکش کے الزام کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ 49 سالہ لیجنڈری سپنر شین وارن نے بھارتی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ یہ کتاب میری زندگی سے متعلق ہے، اس میں رشوت کی آفرز کا بھی ذکر ہے۔

سلیم ملک نے مجھے کہا تھا کہ اگر میں آف سٹمپ کی جانب وائیڈ باﺅلنگ کروں اور میچ ڈرا ہوجائے تو وہ مجھے 2 لاکھ ڈالر دیں گے۔ شین وارن کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کے ایک کسینو میں وہ 5000 ڈالرز ہار گئے تھے اور مارک وا کے ایک دوست نے انہیں یہ رقم دینے کی کوشش کی تھی تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ تنازعات کا شکار رہے سلیم ملک کا ایک بار پھر فکسنگ کے الزامات کا شکار ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ 1995ء میں آسٹریلوی کرکٹرز مارک وا اور ٹم مے نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں1994ء میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران میچز ہارنے کی صوررت میں سلیم کی جانب سے رقم دیئے جانے کی پیش کش کی گئی تھی۔

ایک پاکستانی بکی سلیم پرویز نے بھی ملکی عدالتی کمیشن کو بتایا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ایک میچ کو فکس کرنے کے لیے ایک لاکھ ڈالرز(اس وقت کے تقریبا42.5لاکھ روپے ) دیئے تھے ۔ مارک وا اور شین وارن کو بعد ازاں ایک بکی کو معلومات دینے کے جرم میں آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا تھا تاہم آسٹریلین بورڈ نے اس وقت ان کھلاڑیوں کے نام میڈیا پر سامنے لانے سے گریز کیا تھا اور کئی سالوں بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے 1994ءمیں سری لنکا میں کھیلے گئے سنگر کپ کے ایک مقابلے کی معلومات بکی کو دینے کے جرم میں شین وارن اور مارک وا کوجرمانہ کیا تھا، رپورٹس کے مطابق مارک وا کو 8 ہزار ڈالر اور شین وارن کو 10 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا ۔

سلیم ملک کا اس خبر پر کہنا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات کے نتیجے میں ان کا کیریئر اس وقت ختم ہوگیا جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے اور وہ دیکھیں گے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل شین وارن اور مارک وا کے خلاف کیا ایکشن لیتی ہے ۔